نئی دہلی، 30/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے آج مرکز کو چیلنج دیا کہ وہ ان تمام تقرریوں کی سی بی آئی سے جانچ کرا لے جو ان کی حکومت کی طرف سے کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے سی بی آئی نے دہلی حکومت کے وزیر صحت ستیندر جین کے او ایس ڈی کی تقرری کو لے کر ایف آئی آر درج کی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ کسی جانچ سے نہیں ڈرتے ہیں اور سوال کیا کہ کیا مرکز دہلی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی کو سہارا-برلا کے کاغذات دیکھنے دے گا ؟
کیجریوال نے الزام لگایا کہ سی بی آئی نے جین کے خلاف 7 اور نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کے خلاف 2 ایف آئی آر درج کی ہیں لیکن ان کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔آپ کو نئی پریشانی میں ڈالتے ہوئے سی بی آئی نے جین کے او ایس ڈی کی تقرری کو لے کر ایف آئی آر درج کی ہے جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے محلہ کلینک اسکیم میں تعینات جین کی بیٹی سومیا جین کی تقرری کو لے کر ایجنسی کی تحقیقات کی سفارش کی ہے۔ کیجریوال نے ٹوئٹر پر کہاکہ آپ(مرکز) اپنی کمیٹی بنائیں اور ہماری تمام تقرریوں کی تحقیقات کریں اور ہم ایک کمیٹی بنائیں گے اور آپ اس سے سہارا-برلا معاملے کی جانچ کرائیں، کیا اس سے اتفاق رکھتے ہیں؟۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم کسی تحقیقات سے نہیں ڈرتے ہیں کیونکہ ہم نے کچھ غلط نہیں کیا ہے،پھر آپ کیوں جانچ سے ڈرتے ہیں؟۔